اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حکومتی رکن ریاض فتیانہ نے کہا ہے ٹڈی دل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسکو کھانے سے کورونا ختم ہوسکتا ہے، حکومت ٹڈی دل کے حوالے سے سے تحقیق کروا لے اگر یہ حقیقت ہے تو قوم ٹڈی دل کا خود ہی تیا پانچا کردے گی۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا فصلوں اور مویشیوں کی انشورنش کروائی جائے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 970 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 148 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 903 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 71 ہزار 191، سندھ میں 74 ہزار 70، خیبر پختونخوا میں 23 ہزار 887، بلوچستان میں 9 ہزار 817، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 365، اسلام آباد میں 11 ہزار 710 جبکہ آزاد کشمیر میں 930 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 11 لاکھ 71 ہزار 976 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 835 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 81 ہزار 307 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 3 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 148 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 903 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 602، سندھ میں ایک ہزار 161، خیبر پختونخوا میں 869، اسلام آباد میں 115، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 25 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔