لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لئے مزید مزید 33 مقامات سیل کرنے کی تیاری کرلی جبکہ لاہور کے 8 بڑے علاقوں کو آج بند کئے جانے کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے وارننگ دی ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ادھر سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت لاہور میں علاقوں کی بندش کا آٹھواں روز ہے، شہر کے دیگر علاقوں کی طرح رائل پارک کےعلاقے کو بھی بیریئر اور خار دار تاریں لگا کر بند رکھا گیا، داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
رائل پارک میں تقریباً 150 کے قریب گھر اور 120سے زائد کمرشل دکانیں ہیں جہاں پر ایک ہزار کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں، رہائشیوں کی غیر ضروری آمدورفت پر پابندی ہے۔ شہریوں نے سمارٹ لاک ڈاؤن پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے ایک بار پھر علاقے کی سیمپلنگ کرانے کامطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 88 ہزار 926 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 60 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 755 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 892 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 69 ہزار 536، سندھ میں 72 ہزار 656، خیبر پختونخوا میں 23 ہزار 388، بلوچستان میں 9 ہزار 634، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 337، اسلام آباد میں 11 ہزار 483 جبکہ آزاد کشمیر میں 892 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 11 لاکھ 50 ہزار 141 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 380 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 77 ہزار 754 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 337 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 60 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 755 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 516، سندھ میں ایک ہزار 124، خیبر پختونخوا میں 855، اسلام آباد میں 108، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 106 اور آزاد کشمیر میں 23 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔