مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہیں: دفتر خارجہ

Last Updated On 18 June,2020 04:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بطور غیر مستقل رکن انتخاب پر سوالات جنم لیتے ہیں کیونکہ مقبوضہ کشمیر اور اپنے ملک میں بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اوراصولوں کے صریحاً منافی ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم آئرلینڈ، ناروے اور میکسیکو کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لئے منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں، تاہم بھارت کے انتخاب سے بنیادی سوالات اٹھتے ہیں۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتا ہے جن میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دینے کے لئے اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے کرانے کو کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے نو لاکھ قابض فوج کے ساتھ اعلیٰ کشمیری قیادت سمیت اسی لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے علاقے خمیس میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی تازہ کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔