لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ کم سے کم ہو، ایس او پیز پر عمل درآمد شہریوں کو محفوظ بنائے گا، کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے آج رات ہونے والے سلیکٹڈ لاک ڈاون سے متعلق کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدر آمد نہ کرنے کے نتائج سب کے سامنے ہیں لہذا حکومت نے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پوری کوشش ہے کہ بیماری کا پھیلاؤ کم سے کم ہو۔ اس حوالے سے شہریوں کو حکومتی ہدایات پر عملدر آمد کرنا ہو گا۔
وزیراعلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی خاطر خواہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز کی رنگ فنسنگ کردی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز کسی اورمنصوبے یا شہرکو منتقل نہیں ہوسکیں گے۔ ملتان میں جتنے ترقیاتی کام ہمارے دور میں ہوئے ہیں،اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔