لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر میں 32 علاقوں کی گلیوں کو لاک ڈاون کرنے کی فہرست تیار کر لی گئی، فہرست کو کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
ڈویثرنل کمشنر آفس ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب، سینئیر وزیر، چیف سیکریٹری، وزیر ہیلتھ، سیکریٹری ہیلتھ، کمشنر، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر شامل ہوں گے، اجلاس میں کیبنٹ کمیٹی کے ممبران شامل ہوں گے، سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات کی رضا مندی سے فیصلہ کیا جائے گا، وزیر اعلی پنجاب کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں باقاعدہ منظوری دیں گے۔
منظوری کے بعد کمشنر لاہور ڈویثرن، ڈپٹی کمشنر لاہور، سی سی پی او علاقوں کی گلیاں لاک ڈاون کرنے کا لائحہ عمل اختیار کریں گے، علاقوں کی گلیاں کو آج رات 12 بجے لاک ڈاون کر دیا جائے گا۔
واضح رہے پہلے مرحلے میں ہربنس پورہ، اقبال ٹاؤن، شاہدرہ، شادباغ، والڈ سٹی کے علاقوں کو سربمہر کیا جائے گا۔ کینٹ، گلبرگ، مزنگ اور نشتر ٹاؤن میں زیادہ کیسز والی گلیوں اور محلوں کو سیل کیا جائے گا۔ سلیکٹڈ لاک ڈاؤن 2 ہفتوں تک جاری رہے گا۔ کسی کو آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی، انتظامیہ متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی بھی کرے گی۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 921 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 111 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 839 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 443 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 55 ہزار 878، سندھ میں 55 ہزار 581، خیبر پختونخوا میں 18 ہزار 472، بلوچستان میں 8 ہزار 327، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 143، اسلام آباد میں 8 ہزار 857 جبکہ آزاد کشمیر میں 663 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 9 لاکھ 22 ہزار 665 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 15 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 56 ہزار 390 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 111 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 839 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 81، سندھ میں 853، خیبر پختونخوا میں 707، اسلام آباد میں 83، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔