لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور میں کورونا سے متاثرہ علاقوں کو کل سے سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، متاثرہ علاقے 2 ہفتے کے لئے بند رہیں گے۔
لاہور کے اندرون شہر، مزنگ، شاہدرہ، شاد باغ، ہربنس پورہ، علامہ اقبال ٹاؤن، کینٹ، گلبرگ، نشتر ٹاؤن کے ہاٹ سپاٹ ایریاز شامل ہیں، پابندی کم سے کم 2 ہفتے کیلئے ہوگی۔ سیل کیے گئے علاقوں میں تمام مارکیٹس بند ہوں گی، سیل علاقوں میں کسی بھی فرد کو نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، لاہور کے اہم علاقوں اور گلیوں کو مکمل بند کر دیا جائے گا، گروسری، میڈیکل سٹورز، دددھ دہی کی دکانیں اور تندور کھلے رہیں گے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا لاہور میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، وزیراعظم نے کہا جن علاقوں میں پھیلاؤ ہے وہاں اقدام کریں، متاثرہ علاقوں کو کل رات 12 بجے تک بند کر دیا جائے گا، صورتحال دیکھ کر علاقے کھولنے کا فیصلہ کریں گے، افسوس ہوتا ہے جب ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ملک سے کیا جاتا ہے، عوام ایس او پیز کو سختی سے فالو کرتے رہیں۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا لاہور کورونا کا گڑھ بنتا جا رہا ہے، علامہ اقبال ٹاؤن کے محلے میں 358 اور واپڈا ٹاؤن کے متاثرہ علاقے میں 250 سے زائد کیسز سامنے آئے، عوام کو حفاظتی تدابیر پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، ماسک پہن کر بیماری سے 50 فیصد بچا جاسکتا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 54 ہزار 138، سندھ میں 53 ہزار 805، خیبر پختونخوا میں 18 ہزار 13، بلوچستان میں 8 ہزار 177، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129، اسلام آباد میں 8 ہزار 569 جبکہ آزاد کشمیر میں 647 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 97 ہزار 650 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 85 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 53 ہزار 721 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 31، سندھ میں 831، خیبر پختونخوا میں 675، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔