اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد نے جمعرات کو تین سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، نواز شریف ، شاہد خاقان عباسی اور سابق صدر آصف علی زرداری کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خان کیس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو طلب کیا گیا ہے جبکہ اسی کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کو بھی بلایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اس وقت بیرون ملک موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے 2008ء میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں تھیں۔
یہ گاڑیاں غیر ملکی سربراہان مملکت یا رہنماوں کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کو تحفے میں دی گئی تھیں مگر قانون کے تحت یہ گاڑیاں پاکستان کے سرکاری توشہ خانہ یا گفٹ سنٹر میں جمع کروانی ہوتی ہیں۔
دریں اثناء احتساب عدالت اسلام آباد نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے آپ کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔