جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیریوں کو مارا جا رہا ہے: ترجمان دفتر خارجہ

Last Updated On 07 May,2020 02:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیریوں کو مارا جا رہا ہے، شہدا کی لاشیں بھی ورثا کے حوالے نہیں کی جا رہیں، احتجاج کرنے والوں پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مظالم کر کے کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا، ہزاروں کشمیری، مرد، خواتین اور بچے بھارتی ظلم و ستم کے خلاف سڑکوں پر اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں، عالمی برادری جانتی ہے، کشمیری بھارتی تسلط کو مسترد کرچکے ہیں، بھارت سمجھ لے ظالمانہ کارروائیوں سے مظلوموں کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال 5 اگست سے اب تک بھارت کے مظالم جاری ہیں۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا بی جے پی حکومت ہندوتوا کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، مقبوضہ کشمیر میں نقل و حرکت اور معلومات پر مسلسل پابندی ہے، مقبوضہ کشمیر کی 90 لاکھ آبادی پر بھارتی مظالم جاری ہیں، انٹرنیٹ پر پابندیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ریلیف اور طبی سامان کی فراہمی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔