(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کوروناوائرس کی وبا کے باعث بے روزگار ہونے والے افراد کے اندراج اور انہیں امداد کی فراہمی کےلئے آج ایک ویب پورٹل کا آغاز کردیا۔
کوروناوائرس کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے وزیراعظم نے اضافی وسائل بروئے کار لانے کےلئے کوروناوائرس ریلیف فنڈ بھی قائم کیا ہے جس کے تحت وبا کی وجہ سے روزگار سے محروم ہونے والے افراد میں مالی امداد تقسیم کی جائے گی۔
ان افراد کو احساس ہنگامی امداد کے تحت 12 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
رجسٹریشن کا طریقہ:
سب سے پہلےویب سائٹ پر جائیں:
https://ehsaaslabour.nadra.gov.pk/ehsaas/
کچھ ہی سیکنڈز میں آپ کے سامنے پورٹل کچھ یوں کھلے گا۔
ویب پورٹل پر جاتے ہی بائیں جانب دیے گئے خانوں میں سب سے پہلے شناختی کارڈ نمبرڈالیں، اس کے بعد اپنا موبائل نمبر درج کریں، اگلے خانے میں موبائل آپریٹر کاانتخاب کریں اور آخر میں تصویر میں دیا گیا کوڈ خانے میں لکھ کر تصدیق کریں۔
تصدیق کے بعد آپ سے آپ کے پیشے، آمدن، ٹھیکیدار، آجر یا کمپنی کے نام کے ساتھ ساتھ ملازمت ختم ہونے کی تاریخ سے متعلق سوالات پوچھے جائیں گے۔
دیے گئے تمام خانے پُر کرکے جمع کرائیں پر کلک کریں جس کے بعد آپ کی درخواست جانچ پڑتال کے عمل سے گزرے گی اور میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے مستحق افراد کا انتخاب کیا جائے گا۔
یادرہے کہ حکومت کی طرف کورونا سے متاثرہ لوگوں کو اب تک 81 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں، غریب اور مستحق افراد کی مدد کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے کورونا ریلیف فند قائم کیا گیا ہے جس میں صاحب حیثیت لوگوں کی طرف سے اب تک تین ارب روپے سے زائد عطیات جمع کرائے جا چکےہیں۔