کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کورونا وائرس کے باعث ایک ہی روز میں بارہ اموات کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی کل تعداد 112 ہوگئی۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 30 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 17وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ آج کورونا کے 358 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد سندھ میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 6ہزار 53 ہوگئی۔ 358 نئے کیسز میں 284 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا کے مزید 53 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد اب تک 1222 مریض ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کورونا کے 24 گھنٹوں میں مزید 2578 ٹیسٹ کیے گئے۔ سندھ میں کورونا کے4721 مریض زیرعلاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے 3473 مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں۔ کورونا کے باعث انتقال کرنے والے 43 مریضوں کی عمر 60 سے 69 سال تھی۔ 27 انتقال کرنے والوں کی عمر 70 سال تھی۔ کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں میں 73 فیصد مرد ہیں۔