اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم نے ہر مشکل کا ثابت قدمی سے مقابلہ کیا، امید ہے کورونا ریلیف فنڈ کے مشن کو بھی پوری قوم مل کر کامیاب بنائے گی۔
وزیرِاعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی جس میں کورونا ریلیف فنڈ سے متعلق جمعرات کو ہونے والی ٹیلی تھون نشریات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے ٹیلی تھون نشریات کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ استقامت اور ثابت قدمی سے کیا ہے، مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی عوام نے اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والا جذبہ نہایت حوصلہ افزاء ہے، امید ہے پوری قوم مل کر اس مشن کو کامیاب بنائے گی۔ دریں اثنا سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ فنڈ ریزنگ نشریات ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور بھرپور ٹیلی تھون ہوگی۔