کورونا مزید 11 زندگیاں نگل گیا، اموات 77 ہوگئیں، متاثرہ افراد کی تعداد 4892 ہوگئی

Last Updated On 11 April,2020 03:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 892 تک پہنچ گئی۔ جبکہ مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 77 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 104 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 2336، سندھ میں 1318، خیبر پختونخوا میں 656، بلوچستان میں 220، گلگت بلتستان میں 215، اسلام آباد میں 113 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 57 ہزار 836 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2457 نئے ٹیسٹ کئے گئے، مجموعی طور پر 56 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے اور 44 فیصد مقامی طور پر پھیلے، اب تک 762 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 77 ہوگئی۔ سندھ میں 28، پنجاب میں 19، خیبر پختونخوا میں 25، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک، ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔  

ڈاکٹر ظفر مرزا

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اب تک 4 ہزار کیسز میں 70 فیصد کی عمر 50 سال سے کم ہے، نوجوان طبقہ اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ انہیں کرونا نہیں ہوسکتا، یہ عام بیماری کی طرح ہے، متاثرہ افراد کا قصور نہیں، انہیں ہمدردی اور توجہ کی ضرورت ہے۔

معید یوسف

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا اگلے ہفتے پی آئی اے 2 ہزار پاکستانیوں کو واپس لائے گی، خلیجی ممالک میں بے روزگار ہونے والے پاکستانی اولین ترجیح ہونگے، عمرہ زائرین اور رہائی پانے والے قیدی بھی واپس لائے جائینگے۔

لاک ڈاؤن

سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی لاک ڈاؤن ہے، کراچی میں کریانہ اور دودھ کی دکانیں شام 5 بجے تک کھلی ہیں، شہر میں جگہ جگہ پولیس اور رینجرز تعینات ہے۔

پنجاب میں بھی لاک ڈاؤن پر مکمل طور پر عملدرآمد ہو رہا ہے، شہر کی اہم شاہراہوں پر فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، بڑے کاروباری مراکز بند پڑے ہیں جبکہ دودھ، کریانہ، سبزی کی دکانیں شام پانچ بجے تک کھلی ہیں، میڈیکل سٹورز بھی اوپن ہیں۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بھی کورونا سے بچاؤ اور شہریوں کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی لاک ڈاؤن برقرار ہے، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

24 ٹرینیں بحال کرنیکا فیصلہ

ریلوے کا لاک ڈاؤن ختم ہونے پر 24 مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، بکنگ آن لائن ہوگی، ٹرین روانگی سے 24 گھنٹے پہلے بکنگ ہوسکے گی، 40 ریلوے سٹیشنوں پر سینٹائزر واک تھرو گیٹ نصب ہوں گے، مسافروں کو ایک گھنٹہ پہلے پہنچنا ہوگا، مسافر کے اہلخانہ کو سٹیشن سے آدھا کلو میٹر دور روک لیا جائے گا۔