اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاق میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، معاون خصوصی ظفر مرزا اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس کے پیش نظر کثیر الضابطہ ریسرچ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ مختلف شعبوں کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرکے نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی۔ ان سفارشات کی روشنی میں کمیٹی مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کر سکے گی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ کہ موجودہ صورتحال میں درست اور حقائق پر مبنی ڈیٹا کی دستیابی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ درست ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی حالات اور واقعات کے مطابق بہترین اقدامات اٹھائے جا سکیں گے۔ پاکستان میں حالات دنیا سے مختلف ہیں، ہر فیصلہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔