مغربی سرحدوں کو دو ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

Last Updated On 13 March,2020 11:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ مغربی سرحدوں کو دو ہفتے کے لیے بند کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، اجلاس میں دفاع، خارجہ، داخلہ اور قانون کے وزرا بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے، جبکہ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایران اور افغانستان کے بارڈر کو سیل کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔ دونوں بارڈر دو ہفتوں تک بند رہیں گے۔ وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

دوسری طرف کرونا وائرس وبا کی مانیٹرنگ کے لئے وزارت صحت میں نیشنل کمیونیکشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ بین الاقوامی پروازیں صرف لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے اڑان بھریں گی۔