پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر کے رپورٹ پیش کرنیکا حکم

Last Updated On 21 February,2020 04:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ کسی ڈیپارٹمنٹل سٹور پر پلاسٹک بیگز نظر نہ آئیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر پولی تھین بیگ کے استعمال کے خلاف درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، بڑے بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورزپر تاحال پولی تھین بیگ استعمال ہو رہے ہیں، عدالت پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ساری دنیا میں ایسے پلاسٹک بیگز کا استعمال ختم ہو چکا، ڈیپارٹمنٹل سٹورز خود سے کچھ کیوں نہیں کرتے، کیا ان کو بتانا پڑے گا کہ انہوں نے کیا کرنا ہے ؟ پلاسٹک بیگز مینوفیکچررز کے وکیل نے آگاہ کیا کہ عدالت نے پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے استعمال پر پابندی لگائی ہے۔

عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد پلاسٹک بیگز مینوفیکچررز کی کیس میں فریق بننے کی استدعا مسترد کر دی اور پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔