لاہور: (سید سجاد کاظمی سے) طلبہ تنظیموں کو بحال کرنے کے بجائے متبادل پلیٹ فارم مہیا کرنے کا فیصلہ، گورنر پنجاب نے وزیر ہائر ایجوکیشن کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق طلبہ تنظیموں کی بحالی بارے تیزی سے بڑھتی ہوئی مہم کے پیش نظر پنجاب کے اندر طلبہ تنظیموں کو بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس کے متبادل کے طور پر طلبہ کے حقوق، پنجاب کی جامعات میں سٹوڈنٹ باڈیز کے تجزیے اور تعلیمی ماحول کی بہتری کیلئے گورنر پنجاب چودھری سرور نے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کی زیر صدارت 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو طلبہ یونینز کی بحالی کے بجائے ان کے متبادل باڈیز کے قیام بارے تفصیلی سفارشات تیار کرے گی۔
کمیٹی کے چیئر مین راجہ یاسر ہمایوں، پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان اس کمیٹی کے سیکرٹری مقرر کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ممبران میں وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، وائس چانسلر لاہور کالج ویمن یونیورسٹی اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن شامل ہیں۔ کمیٹی انتظامی و تعلیمی ماحول بہتر بنانے کیلئے تجاویز دے گی اور طلبہ کی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کرنے کیلئے متبادل پلیٹ فارم مہیا کرنے کی تجاویز تیار کرے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کمیٹی پنجاب کی جامعات میں سٹوڈنٹ باڈیز کی سرگرمیوں اور ان کے تعلیمی و انتظامی امور پر اثر کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی تشکیل سے طلبہ یونینز میں پریشانی پائی جا رہی ہے اور وہ طلبہ یونینز کی بحالی کے علاوہ کسی دوسرے پلیٹ فارم کے ذریعے کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔