پنجاب حکومت نے عظمیٰ بخاری کے گھر آٹے کے تھیلے بھجوا دیئے

Last Updated On 22 January,2020 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مسلم لیگ نون پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے آٹے سے بھرا ٹرک لیگی رہنما کے گھر بھجوا دیا۔

 حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آٹا بحران پر بحث ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے آٹے کی عدم دستیابی کا شکوہ کیا اور کہا اگر حکومت کے پاس آٹا وافر موجود ہے تو ان کے گھر بھی بھجوا دیں، 3 دن سے اپنے باورچی کو بھجوا رہی ہوں لیکن آٹا دستیاب نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری کی خواہش پر فوڈ اتھارٹی نے چیئرمین عمر تنویر جٹ کے حکم پر آٹے سے بھرا ٹرک عظمیٰ بخاری کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن کے باہر لا کھڑا کیا۔ محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے عظمیٰ بخاری کے گھر کی گھنٹی بجائی اور کہا میڈم آٹا لے لیں۔

چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لیگی رہنما کے گھر کے باہر کھڑے ٹرک کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔ چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر جٹ نے کہا عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز پنجاب حکومت سے درخواست کی کہ آٹا بھجوا دیں،انہی کی خواہش پر آٹا ان کے گھر بھجوایا۔

عظمیٰ بخاری نے حکومت کے اس اقدام کو سیاسی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت کی ایماء پر میرے گھر کے باہر تماشا کھڑا کیا گیا، اگر میں نے ہی ان کو بتانا ہے کہ آٹا کہاں کہاں نہیں مل رہا تو انہیں استعفے دے کر گھر چلے جانا چاہیے، حکومت ڈراموں سے نکل کر غریبوں کو سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے۔