جج ویڈیو سکینڈل کیس: لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ ایف آئی اے کے روبرو پیش

Last Updated On 27 December,2019 08:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جج ویڈیو سکینڈل کیس میں لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ ایف آئی اے کے روبرو پیش ہوگئے، پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں نے ایف آئی اے د فتر کے باہر احتجاج کیا۔

ڈائریکٹر بابر بخت، ایڈیشنل ڈائریکٹر ساجد اکرم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز شیخ نے تحقیقات کیں۔ لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے ڈیڑھ گھنٹے تک سوالات کے جوابات دئیے۔ مسلم لیگ ن نے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی تعیناتی پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ نے حکومت پر انتقامی کارروائیوں کا الزام لگایا اور کہا کہ ہم عمران فسطائیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، اگست میں جوابات جمع کروا دئیے تھے، اب دوبارہ طلبیاں کی جا رہی ہیں۔

عطا ء تارڑ کی پیشی کے دوران لیگی ارکان اسمبلی اور کارکنان بھی ایف آئی اے آفس کے باہر موجود رہے۔ لیگی رہنما حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، اس دوران کارکنوں اور پولیس کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی۔ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور ایف آئی اے جانے والے تمام راستے بند رکھے گئے۔