مودی سرکار کی ہندوتوا سوچ نے ہندوستان کو تقسیم کر دیا: شاہ محمود قریشی

Last Updated On 27 December,2019 02:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی ہندوتوا سوچ نے ہندوستان کو تقسیم کر دیا، 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں لگائی گئی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے۔

شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سابق خارجہ سیکرٹریز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور علاقائی امن کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے خط کے مندر جات سے آگاہ کیا، دوران اجلاس اہم خارجہ پالیسی امور پر اس مشاورتی سلسلے کو تواتر کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 144 دن گزر چکے ہیں، بھارت نے کشمیر میں ذرائع مواصلات پر پابندی کے ذریعے حقائق تک رسائی سے محروم رکھا، سیکولر بھارت کے حامی ترمیمی شہریت کے امتیازی قانون اور این آر سی کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، بھارت اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پاکستانی مسلح افواج اور قوم کا بچہ بچہ اس ارض وطن کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، پاکستان مقبوصہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے۔