شہر قائد کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

Last Updated On 20 December,2019 07:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کراچی کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک ہے۔ اس سلسلے میں ہر ممکنہ کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔

ممبران میں شکور شاد، آفتاب جہانگیر، اکرم چیمہ، عطا اللہ خان، اسلم خان، فہیم خان اور کیپٹن (ریٹائرڈ) جمیل احمد خان شامل تھے۔

ان ممبران نے وزیراعظم کو کراچی شہر کے مسائل اور اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو صحت، روزگار اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور شہر میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، اس کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔ شہر قائد کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت ہر ممکنہ کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ بہت جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔

مہنگائی اور روزگار کی فراہمی جیسے امور پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ضمن میں نجی شعبے اور کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی عمل میں تیزی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کی رفتار تیز ہونے سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے منتخب نمائندگان کو ہدایت کی کہ عوام الناس سے مستقل رابطہ رکھا جائے تا کہ ان کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔