پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، الیکشن کمیشن کے کسی رکن پر اتفاق نہ ہوسکا

Last Updated On 03 December,2019 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیریں مزاری کی زیر صدارت 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے کسی رکن پر اتفاق نہ ہوسکا۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا حکومت کو آخری مراحل میں بات چیت کا یاد آگیا، تمام ناموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 چئیر پرسن کمیٹی شیریں مزاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپوزیشن اور حکومت کا اتفاق ہوگیا، دونوں جانب سے تعاون کرنے پر بھی اتفاق ہوا، اپوزیشن نے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے، کل دوبارہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس سے قبل ممبران کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا سیاست میں کچھ لو کچھ دو کے معاملہ پر بات ہوتی ہے، کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کی تعداد مساوی ہے، ابھی تک کمیٹی غور و خوض جاری رکھے ہوئے ہے، کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا۔

مرتضی جاوید عباسی نے کہا الیکشن کمیشن کو غیر فعال ہونے میں 2 دن رہ گئے، اب حکومت کو یاد آگیا ہے، حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، اپوزیشن اپنا کردار ادا کر رہی ہے، ابھی تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا، ہم ایسا الیکشن کمیشن چاہ رہے ہیں جس پر کسی سیاسی جماعت کو اعتراض نہ ہو۔