الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا معاملہ، صادق سنجرانی اور اسد قیصر کی ملاقات

Last Updated On 02 December,2019 02:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے تجویز کردہ ناموں پر غور کیا گیا۔

 الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے درمیان اہم ملاقات پارلیمنٹ میں ہوئی، جس میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، شیری رحمٰن، سیکرٹریز قومی اسمبلی و سینیٹ نے شرکت کی۔

 ملاقات سے قبل سپیکر اسد قیصر نے کہا بات چیت سے جلد معاملہ حل کرلیںگے، ڈیڈ لاک جلد ختم ہو جائے گا۔ اجلاس کے خاتمے پر صادق سنجرانی نے بتایا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے تجویز کردہ نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیئے ہیں، پارلیمانی کمیٹٰی ناموں پر مشاورت کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی زیر صدارت منگل کو ہوگا۔

یاد رہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو خط کے ذریعے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے لئے نام بھجوائے گئے۔

شہباز شریف نے چیف الیکشن کمنشر کے لئے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کئے جبکہ سندھ کے لئے نثار درانی، جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور اورنگزیب حق کے نام، بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی، محمد روف عطاء اور راحیلہ درانی کے نام دیئے گئے۔