اے پی سی: اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر اتفاق نہ ہوسکا

Last Updated On 27 November,2019 09:18 am

اسلام آباد: ( سید قیصر شاہ ) جے یو آئی کی اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے مشترکہ جلسوں اور مظاہروں کے لئے صوبائی تنظیموں کو ٹاسک دے دیا تاہم قومی و صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر اتفاق نہ ہوسکا۔

مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی اے پی سی اسلام آباد میں 4 گھنٹے تک جاری رہی جس میں آزادی مارچ، دھرنا سمیت پلان بی اور موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، پلان بی بارے اعتماد میں نہ لئے جانے پر اپوزیشن جماعتوں نے جے یو آئی سے شکوہ اور تحفظات کا اظہار کیا جس پر جے یو آئی کی جانب سے کہا گیا کہ اسی لئے تو اے پی سی بلائی گئی ہے تاکہ تحریک کے تسلسل کیلئے مشاورت سے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور مشترکہ جلسوں میں تمام جماعتوں کی بھرپور نمائندگی ہونی چاہئے۔