چیئرمین نیب نے متعدد کیسز کا دائرہ کار وسیع کرنے کا حکم دے دیا

Last Updated On 15 November,2019 05:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو ترجیحی بنیاد پر دیکھا جا رہا ہے، جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور میں اہم اجلاس کے دوران میگا کرپشن کیسز سمیت دیگر کیسز پر بریفنگ لی۔ جن کیسز کی تفتیش مکمل ہو چکی، ان کے ریفرنس احتساب عدالتوں میں فائل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں ہاؤسنگ سیکٹر میں فراڈ اور لوٹ مار کرنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کے جاری میگا کرپشن کے کیسز کو بروقت منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ ڈی جی شہزاد سلیم کی سربراہی میں نیب لاہور کی تاریخی کارکردگی ہے۔ ہاؤسنگ سیکٹر میں لوٹ مار کرنے والوں سے لوٹی گئی اربوں روپے ریکور کئے گئے ہیں۔

انہوں نے ہائوسنگ سیکٹر میں جاری کیسز میں نیب لاہور کے کیسز کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دو سالوں میں ریکارڈ ریکوری اور بڑے کیسز میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

اجلاس میں ڈبل شاہ کیس اور ہاؤسنگ سیکٹر میں نیب لاہور کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔ نیب کے مطابق ڈبل شاہ کے خلاف نیب نے بروقت اقدامات کر کے ایک ارب 5 کروڑ کی رقم ملزمان سے برآمد کرکے متاثرین کے حوالے کی ہے۔ نیب لاہور کے اس اقدام سے نیب پر اعتماد میں بھرپور اضافہ ہوا ہے۔

نیب لاہور نے دو سالوں میں ہاؤسنگ سیکٹر کے 54 ہزار متاثرین کو ان کے حقوق واپس دلوائے جو انتہائی قابل تعریف ہیں۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد روکنے کے لئے عوام کو ان کی بروقت نشاندہی کرنی چاہیے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف ریگولیٹرز کو بھی اپنا کردار مئوثر انداز میں ادا کرنا چاہیے۔