ترجمان خیبر پختونخوا حکومت نے جمیعت علمائے اسلام کو مذاکرات کی پیشکش کردی

Last Updated On 14 November,2019 07:06 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ترجمان خیبر پختونخوا حکومت اجمل وزیر نے جے یو آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ اپوزیشن کے ساتھ سختی برتی جائے۔

امن وعامہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی طرح پشاور میں بھی تعاون کے لیے تیار ہیں، حکومت نہیں چاہتی کہ اپوزیشن کے ساتھ سختی برتی جائے۔

حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں حکومت نے کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی، تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر بھی مارچ کو کامیاب نہ بنا سکیں۔ اسلام آباد میں بھی وفاقی حکومت نے آزادی مارچ میں تعاون کیا، سڑکیں اور شاہراہیں بند کرنے سے عوام کو مشکلات ہوں گی۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ حکومتی رٹ کسی صورت چیلنج نہیں ہونے دیں گے۔