لاہور ہائیکورٹ: قمر زمان کائرہ کو آصف زردای سے ملاقات کروانے کا حکم

Last Updated On 14 November,2019 12:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف زرداری سے قمر الزمان کائرہ کی ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قمر الزمان کائرہ کی درخواست منظور کرلی۔

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما کو سابق صدر سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ آصف علی زرداری پمز ہسپتال میں زیر علاج ہے اور سابق صدر مملکت سے ملاقات کی اجازت دینے کا مجاز کمشنر اسلام آباد ہیں۔

اس سے پہلے درخواست گزار کے وکیل عابد ساقی نے بتایا کہ آصف علی زرداری بیمار ہیں لیکن جیل حکام نے اُن سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، وکیل نے استدعا کی کہ زیر علاج آصف علی زرداری سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے قمر الزمان کائرہ کو آصف زرداری سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔