کراچی میں ڈینگی کے وار جاری، ہسپتال میں زیر علاج دو بچے جاں بحق

Last Updated On 07 November,2019 06:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈینگی وائرس جانیں لینے سے باز نہ آیا، رواں سال مرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی۔ اب تک سندھ بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کاسلسلہ تھمنے کو نہیں آ رہا۔ مچھر کے کاٹنے سے مزید دو پھول مرجھا گئے۔ قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں زیر علاج 3 سالہ تیمور اور تین ماہ کا موسیٰ دم توڑ گئے جس کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی۔

طبی ماہرین نے ڈینگی کے بڑھتے کیسز اور اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مسعود سولنگی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ڈینگی تشخیصی کٹس بھی فراہم کر دی ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا ہے۔ انتظامیہ نے بھی گھر گھر مہم شروع کر دی ہے۔ اب تک صوبے میں 7 ہزار کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے صرف پشاور میں 2 ہزار 5 سو سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔

محکمہ صحت اور انتظامیہ نے ڈینگی لاروے کی روک تھام کے لئے گھر گھر مہم شروع کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں خصوصی مہم شروع کی ہے۔

صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے سینکڑوں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ ہسپتالوں سے اب تک ڈینگی کے 6 ہزار سے زائد مریضوں کو علاج کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

حکومت نے ڈینگی پر قابو پانے کے لئے بیشتر مہمات شروع تو کیں ہیں لیکن اب تک صوبے سے ڈینگی مرض کا خاتمہ نہیں کیا جا سکا ہے۔