وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا شدید ردعمل

Last Updated On 02 November,2019 03:20 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) فضل الرحمان کے وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے پر وزرا دفاع کیلئے میدان میں آگئے، انکا کہنا ہے کہ الیکشن ہارنے والا شخص کس منہ سے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہا ہے۔ مولانا اپنے عزائم کیلئے اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان اقتدار کی محرومی کا بدلہ پاکستان اور قوم سے نہ لیں، مولانا میمو گیٹ، ڈان لیکس کے کرداروں کا کھلونا نہ بنیں، بلاول نے بے نظیر بھٹو کے فلسفے سے غداری کرکے ان کی قربانی ضائع کردی۔

وفاقی وزیر فوادچودھری کہتے ہیں حلوہ مارچ سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا، حکومت کوکمزورسمجھنےکی غلطی نہ کی جائے، 5پیاروں اور ان کےچمچوں پرزمین تنگ کردیں گے۔

وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ الیکشن ہارنے والا شخص کس منہ سے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہا ہے، مولانا تیار ہوں میں اپنی جیتی نشست چھوڑنے پر تیار ہوں، علی امین نے مولانا کو انتخابی میدان میں اترنے کا چیلنج دیدیا۔،

مراد سعید کہتے ہیں ‏ابو بچاو، اقامہ چھپاو، کمیٹی دلاو اور کرپشن بچاو والے اکھٹے ہوگئے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی استعفے کے مطالبے کو غیر آئینی اور غیر قانونی قراردیدیا۔