'طبیعت کی ناسازی کے باوجود مریم نواز کی جیل واپسی تشویشناک ہے'

Last Updated On 24 October,2019 12:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے ڈاکٹروں کی ہدایت کے برخلاف مریم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل واپس لے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبیعت کی ناسازی کے باوجود مریم نواز کی صبح 5 بجے جیل واپسی تشویش ناک ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ جیل واپسی کے وقت بھی مریم نواز کی طبیعت خراب تھی، ہائی بلڈپریشر اور دل کی دھڑکن نارمل نہیں تھی، ڈاکٹرز نے ٹیسٹس کے بعد مریم نواز کو ہسپتال داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز شریف کی طبیعت چند دن سے ناساز ہے، ان کے طبی تجزیے کی رپورٹس ان کے بچوں اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو فراہم نہیں کی جا رہی تھیں، علی الصبح ان کی کوٹ لکھپت جیل واپسی سمجھ سے بالاتر اقدام ہے، مریم نواز کی اس انداز میں جیل واپسی پہلے سے بیمار نواز شریف کو مزید ذہنی اذیت پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بے حس حکمران نوازشریف کی صحت کی خرابی سے سبق حاصل نہیں کر رہے، یہ آمرانہ، فسطائی افسوسناک رویہ ہے۔