راولپنڈی: (دنیا نیوز) میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سفارتکاروں اور میڈیا نے بھارتی آرمی چیف کے دعوے کی حقیقت دیکھ لی، عالمی برادری سے درخواست ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر جائیں اور حقائق سامنے لائیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا بھارت دیکھ لے گا مقبوضہ کشمیر والوں کے دلوں میں پاکستان کیسے بستا ہے، پاکستان کا بھارت کو چیلنج ہے وہ بھی ایل او سی پر سفارتکاروں اور میڈیا کو لے کر جائے، بھارت اپنا دعویٰ ثابت کرنے کیلئے اپنی مرضی کے سفارتکار اور میڈیا پاکستان سے لے۔
میجر جنرل آصف غفور نے غیر ملکی سفیروں کو لائن آف کنٹرول پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان کوئی چیز چھپا نہیں رہا، آپ جہاں جانا چاہتے ہیں ہم خوش آمدید کہیں گے، کیا بھارت بین الاقوامی میڈیا کو اس طرح اجازت دے گا۔
ڈی جی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارتی فوج نے 2018 میں 3038 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کیں، بھارتی فوج کی گزشتہ برس اشتعال انگیزیوں میں 58 شہری شہید ہوئے، 2018 میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے 319 شہری زخمی ہوئے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا بھارت نے رواں برس 2608 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج کی رواں برس سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں میں 44 شہری شہید ہوئے، رواں برس اب تک بھارتی اشتعال انگیزیوں کے واقعات میں 230 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
What good Indian High Commission is which can’t stand with its Army Chief? Indian High Commission staff didn’t have the moral courage to accompany fellow diplomats in Pakistan to LOC. However, a group of foreign diplomats & media is on the way to LOC to see the truth on ground.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) October 22, 2019
قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سفارتکاروں کو ایل او سی پر جانے کی جرات نہیں ہوئی، بھارتی ہائی کمیشن اپنے آرمی چیف کے دعوے پر کھڑا نہ رہ سکا، غیر ملکی سفارتکار، میڈیا گروپ ایل او سی پر سچ سامنے لائیں گے۔