حکومت کے خاتمہ تک آپ کیساتھ ہیں، نواز شریف کا مولانا فضل الرحمان کو خط

Last Updated On 10 October,2019 06:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے جیل سے مولانا فضل الرحمن کے نام خط لکھ کر ان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کر دیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جیل سے مولانا فضل الرحمن کے نام لکھے گئے خط میں انھیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت اور کارکن اپ کے ساتھ ہیں۔

ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے خط میں لکھا کہ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ ہے۔ اس کے خاتمہ تک، ن لیگ جے یو آئی کے ساتھ ہے۔

ادھر لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ نواز شریف سے محبت کرنے والے دھرنے میں شریک ہوں گے۔ آزادی مارچ کے امام مولانا فضل الرحمن، ہم مقتدی ہوں گے۔

دوسری طرف شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے ملنے جیل نہ جا سکے۔ شہباز شریف نے آزادی مارچ کے حوالے سے ان سے پارٹی سفارشات کی منظوری حاصل کرنا تھی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آزادی مارچ کے حوالے سے مختلف پارٹی اجلاسوں میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم پارٹی صدر کی حیثیت سے شہباز شریف کی جانب سے باضابطہ کسی فیصلے کا ابھی اعلان نہیں کیا جا رہا۔