چونیاں: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چونیاں میں بچوں کیساتھ بدفعلی اور قتل میں ملوث افراد کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار چونیاں پہنچے جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور واقعے کے حوالے سے اعلیٰ حکام سے بریفنگ بھی لی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج چونیاں میں اظہار افسوس کیلئے حاضر ہوا ہوں۔ واقعے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی ہو رہی ہے، انھیں جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے ملزموں کی اطلاع دینے والے کو 50 لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آئی جی کو ہدایت کی ہے جو افسر فارغ ہو رہے ہیں، ان کی پوسٹنگ دوبارہ نہیں ہوگی اور اس کیس میں کسی قسم کا دباؤ اور کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی۔ ہم جو ایکشن لیں گے وہ سب کو نظر آئے گا۔
سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ قصور کے اندر چائلڈ پروٹیکشن سیل بنانے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ چونیاں کو ہم سیف سٹی کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے مدد مل سکے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار چھانگا مانگا پہنچے جہاں ان کے زیر صدارت چونیاں میں بچوں کے قتل کے واقعہ پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔
وزیراعلی کو کیس پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اور جے آئی ٹی کی تحقیقات سے بھی اپ ڈیٹ کیا گیا۔ اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے ہدایات جاری کیں کہ مقتول بچوں کے ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ جن درندوں نے ہمارے پھول مسلے ہیں، وہ عبرتناک سزا کے حقدار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کیس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا ہے۔ یہ ٹیسٹ کیس ہے، جسے جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
فرائض سے غفلت برتنے والے پولیس افسران کو چارج شیٹ کر کے کارروائی شروع کی جا چکی ہے، معطل شدہ اہلکاروں کو آئندہ پوسٹنگ نہیں ملے گی
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) September 20, 2019
ہم نے علاقے کی نگرانی کے لیے قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کروایا جسے اب چونیاں اور ملحقہ علاقوں میں بھی شروع کرنے کے احکامات دے دئیے گئے ہیں