ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں: چیف جسٹس

Last Updated On 19 September,2019 07:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کہتے ہیں ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، ڈیڑھ سو سال پہلے مسلمانوں کو احساس ہوا کہ جدید تعلیم حاصل نہ کی تو دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور ریسرچ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مدرسہ یا سکول سمیت کسی بھی ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔

چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے۔ ای کورٹ کے بعد ریسرچ سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس بھی متعارف کروا رہے ہیں۔

ٹیکنالوجی کی جدت سے متعلق بتاتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ سال 1991ء میں میری بیٹی نے پہلی جماعت میں کمپیوٹر کی کلاس لی، پہلی بار موبائل اور کمپیوٹر دیکھ کر حیرانی ہوئی۔

تقریب کے آخر میں ای کورٹ سسٹم، ریسرچ سینٹر اور ویب سائٹ کی تیاری میں معاونت کرنے والے نادرا اور سپریم کورٹ کے عملہ میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔