آمدن سے زائد اثاثے: خورشید شاہ کا 2 روزہ راہدری ریمانڈ منظور

Last Updated On 19 September,2019 03:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

 پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف نیب سکھر میں کیس چل رہا ہے، آج سکھر کی کوئی فلائٹ نہیں، 7 روزہ راہداری ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے 21 ستمبر تک خورشید شاہ کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ اپنی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم سمیت وفاقی وزراء کے خلاف بھی انکوائریز چل رہی ہیں، مگر گرفتار اپوزیشن کو ہی کیا جا رہا ہے۔

یادر ہے نیب نے سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کیخلاف ان کے بینک اکاؤنٹس اور بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کی جا رہی تھیں، خورشید شاہ نے اعجاز کے نام سے سکھر، روہڑی میں دو جائیدادیں بنا رکھی ہیں جبکہ لڈومل کے نام پر 11، آفتاب حسین سومرو کے نام پر 10جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔