بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، صدر آزاد کشمیر مسعود خان

Last Updated On 23 August,2019 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت 72 سال سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر نیا حملہ کیا۔

اسلام آباد میں مظلوم کشمیریوں کے حق کیلئے نکالی گئی ریلی سے خصوصی خطاب میں آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے یکطرفہ اقدام اٹھا کر کشمیریوں کا حق چھینا ہے۔ بھارت نے یہ غاصبانہ اقدام اٹھا کر کشمیریوں سے ان کا گھر چھین لیا۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ اس نے ناصرف کشمیریوں بلکہ امت مسلمہ کی غیرت کو للکارا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری دنیا کی سب سے بہادر قوم ہیں۔ 8 لاکھ 80 ہزار بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے۔

صدر آزاد کشمیر کا ریلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ عالمی برادری کا کشمیریوں کی حمایت پر شکر گزار ہوں۔ جنگ کا آغاز بھارت نے کیا لیکن ختم ہم کرینگے۔