کشمیر کی صورتحال، سفارتی محاذ پر شاہ محمود متحرک، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو فون

Last Updated On 16 August,2019 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سفارتی محاذ پر متحرک ہو گئے ہیں اور مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں کو ٹیلیفونک رابطے کیے، جنوبی افریقا، سپین، کینیڈا اور ہالینڈ کے ہم منصبوں کو فون کر کے کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

دنیا نیوز کے مطابق شاہ محمود قریشی نے نیدر لینڈ کے ہم منصب سٹف بلوک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں میں مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے شہریوں کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے ،اپنے یکطرفہ اقدام سے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے، بھارت ، جبر اور طاقت کے زور مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کئی روز سے کشمیر میں کرفیو سے 14 ملین کشمیریوں کو محاصرہ کیے ہوئے ہے، مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری، بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے اپنے ڈچ ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے سیکورٹی کونسل کے آج ہونے والے اجلاس سے آگاہ کیا۔

نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ نے خطے کو کشیدگی سے بچانے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تصفیہ طلب معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔

اس سے قبل وزیر خارجہ نے جنوبی افریقہ اور سپن کینیڈا کے ہم منصب کو بھی فون کیا اور مقبوضہ وادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے صدر سیکیورٹی کونسل کو لکھے گئے خط کے مندرجات سے جنوبی افریقہ ہم منصب کو آگاہ کیا اور کہا مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو سے عوام کی زندگیاں اجیرن ہوچکیں۔

جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نالیڈی پنڈور نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر کی ساری صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔ نالیڈی پنڈور نے دیگر پارلیمنٹیرینز سے رابطہ کر کے جنوبی افریقہ کی پارلیمان سے متفقہ قرارداد لانے کا عندیہ دیا۔

بعد ازاں وزیر خارجہ نے سپینش ہم منصب اور یورپی یونین کے عہدیدار سے ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کے کشمیر میں اقدامات سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

سپین کے وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی طرف سے ہر ممکن کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا۔


بعد ازاں وزیر خارجہ نے سپینش ہم منصب اور یورپی یونین کے عہدیدار سے ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کے کشمیر میں اقدامات سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

سپین کے وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی طرف سے ہر ممکن کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا۔

 دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیڈین وزیر خارجہ کرسٹینا فری لینڈ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک، ادویات اور بچوں کا دودھ تک میسر نہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت یکطرفہ اقدام سے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے، کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔ ٹیلیفون انٹرنیٹ و دیگر ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی ہے۔ وزیر خارجہ نے کینیڈین ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر پر سکیورٹی کونسل کے بلائے گئے اجلاس سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر کینیڈین وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔