نیویارک: (روزنامہ دنیا) امریکی اخبارات نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے حماقت قرار دیا ہے۔
معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھارتی اقدام کو خطرناک اور غلط قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس کے نتیجے میں نہ صرف خونریزی یقینی ہے بلکہ پاکستان کے ساتھ بھارت کی کشیدگی میں بھی اضافہ ہوگا اور علاقے کے لئے اس کے نتائج نہایت خطرناک ہوں گے۔
اخبار نے لکھا کہ امریکا، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتیں بھارت کو اس حماقت سے روکیں۔ یہ صو رتحال خطے کے لئے ایک خطرناک بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
ایک اور معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ تازہ ترین بھارتی اقدام کشمیر پر طویل عرصے سے جاری اس کے قبضے میں ایک نیا اور تباہ کن موڑ ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ بھارت نے اپنے ان اقدامات سے یہ ثابت کر دیا کہ وہ مقاصد کے حصول کے لئے نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اپنے ہی قوانین کو پس پشت ڈال سکتا ہے۔
اخبار کے مطابق بھارتی حکومت کا تازہ غیر آئینی اقدام مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے نوآبادیاتی منصوبے کا نکتہ آغاز ہے۔ یہ ویسا ہی منصوبہ ہے جس پر اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر قبضے کے لئے استعمال کیا۔