کے الیکٹرک کی نااہلی سے ہونیوالی اموات کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

Last Updated On 02 August,2019 05:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک حکمران پارٹیوں کی ملی بھگت کے ذریعے ایک مافیا کی شکل اختیار کر گئی ہے۔ کراچی میں ہڑتالیں کرنے والوں نے کے الیکٹرک کے خلاف ایک بھی ہڑتال نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی نے کے الیکٹرک کی نااہلیوں سے انسانی جانوں کے ضیاع کیخلاف اس کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ اس احتجاج میں ملیر میں کرنٹ لگنے سے جھلس کا زندگی کی بازی ہار جانے والے دو بچوں کی مائیں بھی شریک تھیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکڑک کی اعلیٰ قیادت کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ظلم و زیادتی پر حکومت کیوں خاموش ہے؟

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہڑتالیں کرنے والوں نے کے الیکٹرک کے خلاف ایک بھی ہڑتال نہیں کی، یہ ادارہ ایک مافیا بن چکا ہے۔ احتجاج کے اختتام پر بعض کارکنوں نے کے الیکٹرک کے دفتر پر انڈوں کی برسات کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔