حکومت مستعفی ہو ورنہ اکتوبر میں اسلام آباد کی جانب مارچ ہوگا، مولانا فضل الرحمان

Last Updated On 29 July,2019 12:52 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ریاست کا دارومدار معیشت پر ہوتا ہے لیکن پاکستانی معیشت ہچکولے کھا رہی ہے، ملک میں انتخابات تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے، حکومت مستعفی ہو ورنہ اکتوبر میں اسلام آباد کی جانب مارچ ہوگا۔

کوئٹہ میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے ملین مارچ جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی قائد مولانا فضل الرحمان سمیت پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین شریک تھے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوئٹہ میں آج آخری ملین مارچ ہے، حکومت کو اگست تک مہلت دیتے ہیں کہ استعفیٰ دے دے، ورنہ محرم کے بعد پورے ملک سے اسلام آباد کی جانب مارچ ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج انسانوں کا سمندر حکمرانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ جعلی اور کٹھ پتلی حکومت عوام کو قبول نہیں، ایک سال قبل پاکستان کے عوام کا مینڈیٹ چرا کر مسترد کیے گئے لوگوں کو زبردستی عوام پر مسلط کیا گیا۔

قائد جے یو آئی نے کہا کہ حکومت بنتے ہی ملکی معیشت کی کشتی ہچکولے کھانے لگی ہے۔ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا تھا لیکن اس کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں نئے الیکشن چاہتی ہیں۔