نوازشریف کے قید خانے کی 17گھنٹے بجلی بند رہی :مریم

Last Updated On 25 July,2019 03:00 pm

لاہور(روزنامہ دنیا) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے پنجاب حکومت نواز شریف کے علاج معالجے میں غفلت برت رہی ہے ، سابق وزیر اعظم دشمن کے ہاتھوں میں ہیں،اپنے وکلا سے مشورہ کر رہی ہوں کہ کیا عدالت سے رجوع کیاجائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں پرویز رشید اور جاوید ہاشمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا نواز شریف سے ملاقات کے دوران جیل ڈاکٹر کے ہاتھ میں ایک رپورٹ تھی جس میں ڈاکٹر نے کہا نواز شریف کا بلڈ پریشر، شوگر زیادہ ہے جس پر نواز شریف نے کہا آپ نے تو دس دن سے میرا بلڈ پریشر اورشوگر چیک ہی نہیں کی۔ نواز شریف اور میں نے رپورٹ دیکھی تو وہ 3 جولائی کی تھی۔ رپورٹ میں لکھا تھا انہیں فوری طور پر ہسپتال داخل کروایا جائے۔ اس پر نواز شریف نے کہا مجھے اتنی تاخیر سے یہ رپورٹ کیوں دکھائی جا رہی ہے ،میرا آئینی اور قانونی حق ہے کہ مجھے میری رپورٹس بروقت دکھائی جاتیں۔

انہوں نے کہا میڈیکل بورڈ نے سفارش کی کہ ان کے کمرے کا درجہ حرارت مناسب رکھا جائے ،انہیں انجائنا کی شکایت ہے ،ان کا بلڈ پریشر بھی زیادہ رہتا ہے ، ان کے قید خانے کی 17 گھنٹے بجلی بند رکھی گئی ۔مریم نواز نے کہاپتا نہیں والد کو جیل میں کیا کھلایا جا رہا ہے ، بین الاقوامی تنظیموں تک بھی میں یہ بات پہنچانے کی کوشش کروں گی ،مجھے ابھی تک انصاف کیوں نہیں مل رہا۔ مریم نواز نے صحافیو ں کو بتایا کہ مجھے موبائل فون سے ایک ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے کسی شخص نے فون کیا ہے اور میں اس حوالے سے اس ادارے کے سربراہ کو خط لکھ رہی ہوں۔