ایف بی آر نے مریم نواز، نصرت شہباز کو ٹیکس نوٹس جاری کر دیا

Last Updated On 15 July,2019 11:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو ٹیکس عائد کر دیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کو 6 لاکھ 57 ہزار 283 روپے انکم سپورٹ لیوی، 6 لاکھ 684 روپے ڈیفالٹ سرچارج عائد کر دیا۔ انہیں ٹوٹل 12 لاکھ 57 ہزار 907 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کے سال 2013 کے ٹوٹل مووایبل اثاثہ جات 13 کروڑ 14 لاکھ 44 ہزار 578 روپے پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔ مریم نواز کو انکم سپورٹ لیوی ٹیکس سال 2013ء میں 6 لاکھ 57 ہزار 223 روپے ٹیکس عائد کیا گیا تھا،

ایف بی آر نے نصرت شہباز کو 90 ہزار 210 روپے انکم سپورٹ لیوی، 82 ہزار 449 روپے ڈیفالٹ سرچارج عائد کیا ہے۔ انہیں ٹوٹل ایک لاکھ 72 ہزار 659 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ نصرت شہباز کے سال 2013 کے مووایبل اثاثہ جات ایک کروڑ 90 لاکھ 42 ہزار 30 روپے پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نصرت شہباز کو انکم سپورٹ لیوی ٹیکس 2013ء میں 90 ہزار 210 روپے ٹیکس عائد کیا گیا تھا، ایف بی آر نے مریم نواز، نصرت شہباز کو ٹیکس ادائیگی کیلیے 23 جولائی تک کی مہلت دی ہے۔ اگر دونوں نے مقررہ وقت تک ٹیکس ادا نہ کیا تو اکاونٹس منجمد کر کے ریکوری کی جائے گی۔