جعلی اکاؤنٹس کی بات غلط ہے تو قانونی چارہ جوئی کریں، مراد سعید

Last Updated On 24 June,2019 11:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ عمران خان کو ’سلیکٹڈ‘ کہنے والے خود اسی راستے سے اقتدار میں آئے، سب کرپشن بچانے کے لیے ایک ہوگئے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں دھواں دار خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کا بھرپور جواب دیا اور انھیں خوب تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ میں جو زبان بولی گئی، اس طرح کی زبان نہیں بولنا چاہتا، ایک پرچی پر پارٹی ملنا اگر میرٹ ہے تو آپ کوسلام پیش کرتا ہوں، ایسے لوگوں کو بیرون ملک پاکستانیوں اور غریب کا درد کیسے ہو سکتا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ اگر کوئی سرٹفائیڈ نااہل ہے تو وہ نواز شریف ہیں۔ ان کی صاحبزادی روز کہتی ہیں کہ وہ تنخواہ بھی نہیں لیتے تھے، مئی 2016ء میں خصوصی طیارے کے ذریعے علاج کے لیے بیرون ملک گئے، ان کے علاج پر کل خرچہ 34 کروڑ کا خرچہ ہوا۔ رائے ونڈ کی سڑک پر 28 کروڑ 36 لاکھ خرچ کیے گئے، اس کے علاوہ سو کروڑ سے زائد رائے ونڈ گھر کی سیکیورٹی پر لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء کے نوٹی فیکشن کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیلئے 130 کروڑ کا نیا ہیلی کاپٹر خریدا گیا، ان کے کئی گھروں کو کیمپ آفس ڈکلیئر کیا گیا، انہوں نے وزیراعظم کے جہاز کو بھی استعمال کیا جبکہ ان کے بچے بھی وزیراعظم کا جہاز استعمال کرتے تھے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہمارے پاس تمام شواہد موجود ہیں، ہم ان کو بل بھیجیں گے، جو غی رقانونی پیسہ استعمال کیا وہ واپس کر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوسری جانب وزیراعظم آج بھی اپنے اخراجات خود اٹھا رہے ہیں۔ بنی گالہ جانے والی سڑک کا خرچہ عمران خان نے برداشت کیا۔

مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کو ’سلیکٹڈ‘ کہنے والے خود اسی راستے سے اقتدار میں آئے، سب کرپشن بچانے کے لیے ایک ہوگئے، جعلی اکاؤنٹس کی بات غلط ہے تو عدالت جا کر قانونی چارہ جوئی کریں۔

مراد سعید سابق امریکی وزیر خارجہ کنڈولیزا رائس کی کتاب ایوان میں لے آئے، بینظیر بھٹو پر اقتدار کیلئے سابق امریکی وزیر خارجہ کے پاؤں پکڑنے کا الزام لگا دیا۔