'ایمنسٹی پر وزیراعظم 3 بار خطاب کرچکے، 60 کروڑ بھی جمع نہ ہوئے'

Last Updated On 22 June,2019 11:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایمنسٹی سکیم پر وزیراعظم 3 بار خطاب کرچکے، مگر 60 کروڑ کی رقم بھی جمع نہ ہوئی، 1500 ارب ٹیکس حاصل کرنے کیلئے اب ہر چیز مہنگی کرنی پڑے گی۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اس وقت 4 ارکان اسمبلی گرفتار ہیں، 2 کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے 2 کے نہیں، حکومت کہہ رہی ہے کہ افراط زر 13 فیصد پر آ جائے گا، ایک سال پہلے ملکی گروتھ ریٹ 6 فیصد تھا، 1500 ارب کیلئے اب حکومت کو ہر چیز مہنگی کرنی پڑے گی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا آمدن اور اخراجات کا فرق 50 فیصد سے بڑھ گیا ہے، سود کی رقم میں اضافہ نہ کرتے تو ٹیکس بڑھانا نہ پڑتے، موجودہ حکومت نے 8 ماہ میں یہ حال کر دیا، حکومت 5 سال پورے کرے گی تو کیا حال ہوگا ؟ حکومت کو مسائل کے حل تلاش کرنے چاہئیں، حکومت مجموعی طور پر 400 ارب پر چلتی ہے، دوسرے ممالک اتنی رقم ایک ڈیپارٹمنٹ کے اخراجات کیلئے ہوتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما نے مزید کہا مفتاح اسماعیل نے ٹیکس ریفارمز پیکج دیا اس کو دنیا نے قبول کیا، ہم نے ٹیکس ریفارمز میں 5 سلیب مقرر کیے، موجودہ حکومت نے گیس، پانی، بجلی سب کی قیمتیں بڑھا دی، کہا جاتا ہے ہم نے بہت قرض لیا اس پر کمیشن بھی بن گیا، آج ہی بتا سکتا ہوں قرضہ کمیشن کی رپورٹ میں کیا لکھا جائے گا، تاثر دیا جا رہا ہے یہ سب لوٹ کر کھا گئے ہیں۔