نواز شریف کی طبیعت ٹھیک ہے، ڈاکٹرز کو کوئی شکایت نہیں کی گئی: شہباز گل

Last Updated On 30 May,2019 10:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے آج 225 افراد سے ملاقات کی، کیا بیمار آدمی ایسے جلسے کرتا ہے؟

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا کہ مریم صفدر صاحبہ جھوٹ اور بدزبانی سے پرہیز کریں۔ میاں صاحب کی طبیعت ٹھیک ہے، ان کا دن میں 2 بار چیک اپ ہوتا ہے، ڈاکٹرز کو کوئی شکایت نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے آج 225 افراد سے ملاقات کی؛ کیا بیمار آدمی ایسے جلسے کرتا ہے؟ آپ نے بھی میاں صاحب سے گھنٹہ بھر تفصیلی ملاقات کی۔ شہباز گل نے مریم نواز کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے وزیراعظم کے خلاف بدزبانی کی روش نہ بدلی تو حقیقی صورتحال عوام کو بتائیں گے۔ عوام کے سامنے لائیں گے کہ میاں صاحب جیل میں کن کن سہولیات کے مزے لوٹ رہے ہیں، آپ توجہ کی طالب ہیں تو کچھ اور کریں۔ وزیراعظم کے خلاف بدزبانی برداشت نہیں کریں گے۔