اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے نائب صدر وانگ کی شن تین روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیںائیرپورٹ پر خوش آمدید کہا. چینی مہمان دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔
چین کے نائب صدر وانگ کی شن آج سہ پہر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ وانگ کی شن چائنہ کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے کلیدی رکن ہیں۔ چینی نائب صدر دورے کے دوران صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق چینی نائب صدر کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح کے وفود کے تبادلوں کے سلسلے کی کڑی ہے جس میں نومبر دو ہزار اٹھارہ اور حالیہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیراعظم عمران خان کی شرکت کے بعد سے مزید تیزی آئی ہے۔