لاہور: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ شاہ محمود عوام کو جنوبی پنجاب کے نام پر بے وقوف بنانا بند کریں، ن لیگ پہلے ہی دونوں صوبوں کا بل جمع کرا چکی ہے، ریکارڈ جھٹلانے کی کوشش نہ کی جائے، تحریک انصاف صرف نقل کی سیاست کر سکتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے جنوبی پنجاب سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ن لیگ وعدے نبھانا جانتی ہے، پارلیمنٹ اور عوام سے جو وعدہ کیا، وہ صرف ن لیگ کو نبھانا آتا ہے، اسمبلی کے ریکارڈ پر موجود ہے کہ کس نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی ترجمانی کی اور کس نے بل جمع کرایا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ شاہ صاحب اسمبلی کے ریکارڈ کو جھٹلانے کی کوشش نہ کریں، جنوبی پنجاب کے عوام سے آپ نے 100 دنوں میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا، جنوبی پنجاب کے مظلوم لوگوں کے حقوق کے پر سیاست کرنا آپ بند کریں۔