معروف ماہر معاشیات شبر زیدی چیئرمین ایف بی آر تعینات

Last Updated On 06 May,2019 11:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے معروف ماہر معاشیات شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چیئرمین تعینات کر دیا گیا ہے۔ شبر زیدی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی ذمہ داریاں بھی ادا کرتے رہے ہیں۔

 اس بارے میں وزیراعظم عمران خان نے خود سینئر صحافیوں سے گفتگو میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کر دیا گیا ہے۔

شبر زیدی معروف ماہر معاشیات اور پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ 

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ہی جہانزیب خان کو چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق انھیں اور گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے دور میں کیا گیا تھا۔

سید شبر زیدی پاکستان میں ٹیکس امور کے ماہر مانے جاتے ہیں۔ ماضی میں صوبائی اور وفاقی حکومتیں کئی اہم امور پر ان سے مشورہ بھی کرتی رہی ہیں۔

چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی ڈگری رکھنے والے شبر زیدی پاکستان کی بڑی آڈٹ کمپنی فری گیوسن میں پاٹنر ہیں اور بڑی بڑی کمپنیوں کا آڈٹ کرتے رہے ہیں۔

پاکستان میں ٹیکس قوانین میں جدت اور تبدیلیوں میں بھی شبر زیدی کا بڑا کردار رہا ہے۔ شبر زیدی 2013ء میں سندھ کے وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔

شبر زیدی ماضی میں انسٹیٹوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹس آف پاکستان کے صدر اور ساؤتھ ایشیا فیڈریشن آف اکاؤنٹس کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

شبر زیدی نے کئی کتابیں بھی لکھیں جس میں آف شور ایسٹس آف پاکستانیز، پاناما لیکس اور ناٹ آ فیلڈ سٹیٹ وغیرہ شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیرِاعظم عمران خان نے وزیرِ توانائی عمر ایوب خان کو وزیرِ پٹرولیم کا اضافی چارج دے دیا ہے اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ہمیں بڑا ٹاسک دیا گیا ہے۔ ایف بی آر اور ٹیکس ادا کرنے والوں کے درمیان اعتماد کا فقدان بڑا مسئلہ ہے۔ اگر ہم نے پالیسی ٹھیک کر لی تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے لوگوں میں بھی اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ اگر اعتماد بحال کر دیا تو ٹیکس کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔