جاپان کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیدی: شاہ محمود قریشی

Last Updated On 24 April,2019 12:43 pm

ٹوکیو: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان ذمہ دار جوہری طاقت، جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، جاپان کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیدی، 18 جولائی کو ٹوکیو میں اقتصادی پالیسی مذاکرات ہوں گے۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ جاپان کے موقع پر اپنے جاپانی ہم منصب سے ملاقات میں پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی قیادت سے ایف اے ٹی ایف کے موضوع پر تفصلی بات چیت ہوئی، جاپانی ہم منصب کو منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مکمل سدباب سے متعلق بھی بات ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی وزیر خارجہ کا 7 سال بعد جاپان کا دورہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے عزم کا اظہار کیا گیا، جاپانی قیادت کو پاکستان میں اقتصادی اصلاحات سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 18 جولائی کو ٹوکیو میں اعلیٰ سطح اقتصادی پالیسی مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں جاپانی صنعت کی چین سے پاکستان منتقلی پر بات ہوگی، جاپان اپنی صنعتوں کو دوسرے خطوں میں منتقل کرنا چاہتا ہے، جاپانی صنعتکار پاکستان کی سستی افرادی قوت اور خام مال سے فائدہ اٹھائیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا فوڈ پراسیسنگ انڈسٹری نہ ہونے سے زرعی آمدن متاثر ہو رہی ہے، جاپان 20 کروڑ آبادی کی فوڈ پراسیسنگ انڈسٹری سے فائدہ اٹھائے، دوسری جنگ عظیم کے بعد جاپان ایک اقتصادی طاقت بن چکا ہے۔