'وزیراعظم نے دونوں ممالک کو ہمسایہ نہیں کہا، صنعتی زون بنانے کا ذکر کیا'

Last Updated On 23 April,2019 11:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) افتخار درانی نے بلاول بھٹو کو حادثاتی چیئرمین قرار دیتے ہوئے ہوئے کہا وزیراعظم نے دونوں ممالک کو ہمسایہ نہیں کہا، صنعتی زون بنانے کا ذکر کیا۔

بلاول بھٹو کے جواب میں وزیراعظم کے مشیر افتخار درانی نے بھی ٹویٹ کیا اور سوال اٹھایا کہ عمران خان نے کب کہا کہ جرمنی اور جاپان ہمسایہ ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے بارڈر صنعتی زون بنائے گئے، بلاول بھٹو وزیراعظم کی بات شاید سمجھ نہیں سکے، عوام کے لوٹے پیسوں سے آپکی آکسفورڈ کی حاصل کردہ ڈگری بھی ضائع ہو گئی۔

قل ازیں وزیراعظم عمران خان کے ایران میں خطاب پر بلاول بھٹو نے طنز اور تنقید سے بھرپور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیراعظم سوچتے ہیں کہ جرمنی اور جاپان کامشترکہ بارڈر ہے، کتنا شرمناک ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کس طرح سے ایسے لوگوں کو لے لیتا ہے کیونکہ وہ کرکٹ کھیل سکتے ہیں، جبکہ کرکٹ کی بنیاد پر آکسفورڈ میں داخلہ ملے گا تو ایسا ہی ہوگا۔