زلمے خلیل زاد کی شاہ محمود سے ملاقات، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

Last Updated On 05 April,2019 02:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں افغان مفاہمتی عمل سمیت دو طرفہ علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان امن عمل سے متعلق تفصیلات سےآگاہ کیا۔

 شاہ محمود قریشی نے افغان مذاکرات سے متعلق پیشرفت کو سراہا۔ وزیر خارجہ کا کہنا ہے مذاکرات کا انعقاد افغان مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہے، افغانستان میں سیاسی مصالحت کیلئے تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان دیر پا تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے، افغانستان میں امن پاکستان سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

 قبل ازیں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے، جہاں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔ وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں افغان امن عمل سمیت علاقائی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔